نئی دہلی،29اپریل(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا) دہلی میونسپل کارپوریشن (ایم سی ڈی) انتخابات میں شکست کے بعد سے آپ پارٹی دوخیموں میں تقسیم ہوتی جارہی ہے۔ذرائع کے مطابق پارٹی کا ایک طبقہ سیاسی کام کاج کے لئے کمار وشواس کی قیادت چاہتا ہے اور اس کے لئے آپ کے کئی رکن اسمبلی ہفتہ کو آپ کنوینر اور دہلی کے وزیر اعلی اروند کجریوال سے اسی سلسلے میں ملنے بھی پہنچے۔وہیں کمار وشواس نے کہا کہ اروند کجریوال قومی کنوینر رہیں، میں بھی پارٹی میں رہوں گا۔اگرچہ اس سے پہلے پنجاب اور دہلی کے انتخابات میں کراری شکست ملنے کے بعد اب یہ سوال اٹھنے لگے ہیں کہ کمار وشواس نے ان دونوں ریاستوں میں عام آدمی پارٹی کے لئے تشہیر کیوں نہیں کی؟ ابھی ایم سی ڈی میں پارٹی کی شکست کے بعد خود وشواس نے پارٹی کی حکمت عملی پر سوال اٹھا دئے ہیں اور کہا کہ صرف ای وی ایم سے ہار گئے! یہ اپنے سے منہ چراناہوگا۔